پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 72ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ عمران خان 5 اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا سفر کرکٹ کے میدان سے شروع ہوا جہاں وہ 1992ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر تاریخ میں امر ہو گئے۔
عمران خان کا مکمل نام عمران احمد خان نیازی ہے، اور ان کے والد انجینئر اکرام اللہ خان نیازی تھے۔ تعلیم انہوں نے ایچی سن کالج لاہور، رائل گرائمر اسکول ویلسٹر انگلینڈ، اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ کرکٹ کا آغاز 13 سال کی عمر میں کیا، اور 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوگئے۔ 1971ء میں انگلینڈ کے خلاف اپنا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر شروع کیا۔ 1982ء سے 1992ء تک وہ قومی ٹیم کے کپتان رہے، اور اس دوران ورلڈ کپ 1992ء میں پاکستان کو فتح دلوائی۔
عمران خان نے کرکٹ کے بعد سیاست کا رخ کیا اور 1996ء میں تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی۔ وہ 2002ء تا 2007ء اور 2013ء سے 2018ء تک قومی اسمبلی کے رکن رہے، اور 2018ء میں پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ ان کی جماعت تحریکِ انصاف کو احتساب اور تبدیلی کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔
عمران خان نے سیاست کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال اور نمل کالج جیسے فلاحی منصوبے شروع کیے، جو ان کی عوامی خدمت کے نمایاں کارنامے ہیں۔
عالمی سطح پر بھی عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی اور اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی برادری کو جھنجھوڑا۔ آج ان کی سالگرہ کے موقع پر ان کی زندگی اور کامیابیوں کو یاد کیا جا رہا ہے